اسلام آباد، 17 مارچ ( اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وزرات قومی غذائی تحفظ و تحقیق اور پی اے آر سی کے امور پر اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس میں پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل (پی اے آر سی) کی تنظیم نو کی اصولی منظوری دے دی گئی ۔ اس موقع پر وزیراعظم نے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ٹائم لائن کے ساتھ پی اے آر سی کی تنظیم نو جامع پلان تیار کیا جائے، وزیراعظم نے پی اے آر سی کو چین کی اکیڈمی آف ایگریکلچرل سائنسز کے طرز پر زرعی تحقیق کے حوالے سے اعلی ٰتحقیقاتی ادارہ بنانے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ زرعی تحقیق کا ملک کے زراعت اور غذائی تحفظ کے شعبے کی فروغ میں کلیدی کردار ہے۔
اجلاس کو پی اے آر سی کو زرعی تحقیق کا جدید دور کی تقاضوں سے ہم آہنگ ایک فعال ادارہ بنانے کے حوالے سے تفصیلی بریفننگ دی گئی۔ قومی غذائی ضروریات پوری کرنے اور زرعی شعبے کی برآمدات بڑھانے کے حوالے سےپی اے آر سی کو ایک فعال ادارہ بنانے کیلئے گورننس ڈھانچے میں اصلاحات ، بہترین تحقیقی عملے کی خدمات، بین الاقوامی شراکت داری، صوبائی حکومتوں کے ساتھ بہتر روابط، اور کارکردگی کے واضح اہداف اصلاحاتی ایجنڈے کا حصہ ہیں ۔ پی اے آر سی کے تحت کام کرنے والے تمام تحقیقی مراکز کو یکجا کرکے پانچ سینٹر آف ایکسیلنس بنائے جائیں گے ۔ یہ سینٹرز زیادہ پیداوار والے بیج، اعلیٰ نسل کے مویشی، پریسیشن ایگریکلچر، فارم میکانائزشن اور اس میں اے آئی کا استعمال، اور زرعی شعبے کی برآمدات بڑھانے کے لیے فوڈ پروسیسنگ کے شعبوں میں تحقیق کا کام کریں گے۔ زرعی تحقیق کو انڈسٹری کے ساتھ جوڑا جائے گا۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین ، وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک ، وزیر اعظم کے مشیر رانا ثنااللہ، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی ، وزیراعظم کے معاونین خصوصی ہارون اختر اور طارق باجوہ، وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر برائے زراعت احمد عمیر اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔











