وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب حکومت صحت کے شعبے میں جامع اصلاحات پر عمل پیرا ہے

13

لاہور، 28 مارچ ( اے پی پی ) وزیر خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمان نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں صوبہ بھر میں صحت کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے مؤثر گورننس، مضبوط قیادت اور پائیدار اصلاحات پر بھرپور توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے میں سرمایہ کاری درحقیقت انسانی سرمائے میں سرمایہ کاری ہے جو معاشی ترقی اور سماجی استحکام کی بنیاد فراہم کرتی ہے۔
وہ آج یہاں راشد لطیف خان یونیورسٹی میں منعقدہ چوتھی انٹرنیشنل میڈیکل کانفرنس بعنوان ہیلتھ کئیر ان ایکشن۔۔۔ گورنینس لیڈرشپ اینڈ ریفارمز ” سے خطاب کر رہے تھے جس میں ملک بھر سے ماہرینِ طب، ماہرینِ تعلیم، پالیسی سازوں اور طلبہ کی بڑی تعداد شریک تھی۔ صوبائی وزیر نے شرکاء کو بتایا کہ پنجاب حکومت صحت کے شعبے میں عوامی فلاح کو ترجیح دیتے ہوئے ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن، تشخیصی سہولیات کی بہتری اور ادویات کی دستیابی کو یقینی بنا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر بچوں کے علاج معالجے خصوصاً پیچیدہ امراض کے لیے طبی سہولیات کی بحالی اور بہتری پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، جو ایک صحت مند اور محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے۔
مجتبی شجاع الرحمان کا کہنا تھا کہ مؤثر ہیلتھ کیئر سسٹم کے لیے میڈیکل ایجوکیشن میں اصلاحات ناگزیر ہیں ۔ انہوں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ کہ ہمیں طب کے شعبہ میں تعلیمی نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے تحقیق، جدت اور عملی تربیت کو فروغ دینا ہوگا تاکہ مستقبل کے ڈاکٹرزصرف ملک میں ہی نہیں بلکہ ملک سے باہر بھی عالمی معیار کے مطابق خدمات سرانجام دے سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر کے درمیان شراکت داری کو فروغ دے رہی ہے تاکہ صحت اور تعلیم کے شعبوں میں موجود صلاحیتوں سے بھرپور فائدہ اٹھایا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ پرائیویٹ میڈیکل ادارے ملک میں طبی تعلیم اور خدمات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور حکومت ان کے ساتھ مل کر ایک مضبوط اور مؤثر ہیلتھ کیئر نظام تشکیل دینے کے لیے پرعزم ہے۔
صوبائی وزیر خزانہ نے کہا کہ پنجاب حکومت گورننس میں بہتری، شفافیت کے فروغ اور ڈیجیٹلائزیشن کے ذریعے ہیلتھ سیکٹر کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کر رہی ہے تاکہ عوام کو بہتر اور بروقت طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
انہوں نے کانفرنس کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ اس طرح کے فورمز پالیسی سازوں، ماہرینِ تعلیم اور طبی ماہرین کو ایک پلیٹ فارم مہیا کرتے ہیں جہاں وہ مؤثر مکالمے اور ذاتی تجربات کے تبادلے کے ذریعے اصلاحات اور پالیسی سازی کی راہ ہموار کرتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کانفرنس میں ہونے والی گفتگو اور تجاویز پاکستان میں میڈیکل ایجوکیشن اور ہیلتھ گورننس کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گی۔
آخر میں صوبائی وزیر خزانہ نے منتظمین کو کامیاب کانفرنس کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت صحت کے شعبے میں اصلاحات کے عمل کو مزید تیز کرے گی تاکہ ہر شہری کو معیاری طبی سہولیات میسر آ سکیں۔