لاہور، 6 مارچ ( اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے گزشتہ دو سال کے دوران ریکارڈ ترقیاتی منصوبے مکمل کئے ہیں جبکہ حکومت کے بے مثال فلاحی پروگراموں سے عوام کی بڑی تعداد مستفید ہو رہی ہے۔وہ ڈپٹی کمشنر آفس گجرات میں ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے منعقدہ بریفنگ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اجلاس میں ترقیاتی اداروں کے سربراہان نے جاری ترقیاتی سکیموں پر پیش رفت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے فراہم کردہ فنڈز سے گجرات میں بھی ریکارڈ ترقیاتی سکیموں پر کام جاری ہے۔ انہوں نے مفاد عامہ کی سکیموں کیلئے کثیر فنڈز کی فراہمی پر وزیر اعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ گجرات میں نئے ہسپتال بنائے جا رہے ہیں جبکہ تعلیمی اداروں کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔ عوام کو تفریحی سہولیات فراہم کرنے کیلئے پارکوں کی بہتری اور اپ گریڈیشن کا کام بھی جاری ہے۔انہوں نے بتایا کہ کروڑوں روپے کی لاگت سے شہر کے روڈ انفراسٹرکچر کو بہتر بنایا جا رہا ہے جبکہ سروس موڑ برج کو اپریل کے آخر تک ٹریفک کیلئے کھول دیا جائے گا۔ اسی طرح تقریباً پندرہ سال بعد ڈھائی کروڑ روپے کی لاگت سے شہر کو جدید ٹریفک لائٹس کا نظام فراہم کیا جا رہا ہے۔ صوبائی وزیر نے اعلان کیا کہ گجرات میں نئی انڈسٹریل اسٹیٹ بھی قائم کی جائے گی۔چوہدری شافع حسین نے کہا کہ کسی بھی منصوبے کے مطلوبہ نتائج حاصل کرنے کیلئے مسلسل فالو اپ ضروری ہوتا ہے۔ انہوں نے سرکاری اداروں کے افسران کو ہدایت کی کہ ترقیاتی سکیموں کی بروقت، معیاری اور شفاف تکمیل کو یقینی بنایا جائے اور شہر میں جاری منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر گجرات نور العین اور ان کی ٹیم ترقیاتی سکیموں کی بروقت تکمیل کیلئے بھرپور محنت کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مفاد عامہ کے منصوبوں میں وسائل کی کمی کو کسی صورت آڑے نہیں آنے دیا جائے گا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ چوہدری ظہور الٰہی شہید نے ہمیشہ برداشت، خدمت اور رواداری کی سیاست کی جبکہ چوہدری شجاعت حسین نے بھی اسی روایت کو آگے بڑھایا اور ہم بھی انہی کی سیاست کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔بعد ازاں صوبائی وزیر صنعت و تجارت نے عزیز بھٹی شہید ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ کیا۔ انہوں نے مختلف وارڈز کا معائنہ کیا، مریضوں کی عیادت کی اور ان کے تیمارداروں سے طبی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ مریضوں اور ان کے لواحقین نے ہسپتال میں دستیاب علاج معالجے کی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ہسپتال کے ایم ایس، ڈاکٹروں اور دیگر عملے نے صوبائی وزیر کو ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں بریفنگ دی۔صوبائی وزیر بعد ازاں اعظم رحمانی کی رہائش گاہ بھی گئے جہاں انہوں نے ان کی اہلیہ اور کزن کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا اور مرحومین کے درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی کی۔











