اسلام آباد، 13 مارچ ( اے پی پی): وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں امن و امان کو ہر صورت یقینی بنانا ہو گا-
اعلی سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے شہر میں سہولتوں اور خدمات کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کی ہدایت کی-
اجلاس میں امن وامان اور شہری سہولیات بہتر بنانے کے لئے اہم فیصلے کیے گئے-اس کے علاوہ اسلام آباد کے 109 انٹری پوائنٹس کو کم کر کے بتدریج 25 تک لایا جائے گا -اجلاس میں ریڈ زون کو عملی طور پر فعال بنانے کے آحکامات جاری کیے گئے اور اس ضمن میں موثر حکمت عملی ترتیب دینے کی ہدایت بھی کی گئی-
وزیر داخلہ نے کہا کہ ناکوں اور انٹری پوائنٹس پر سخت نگرانی سے سیکیورٹی کو فول پروف بنایا جائے جبکہ شہر کی صفائی اور تجاوزات کے کام کے ذمہ دار اے سیز ہوں گے۔ محسن نقوی نے شہر کی بڑی شاہراہوں سے غیر ضروری سامان کو فوری طور پر ہٹانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ انتظامی عملے کو شہر کی ترقی اور قانون عملداری کے لئے مکمل سپورٹ کیا جائے گا-











