کراچی پورٹ سے متحدہ عرب امارات کے لیے نئی فیڈر سروس کا آغاز

14

اسلام آباد، 13 مارچ (اے پی پی): وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے کہا ہے کہ کراچی پورٹ سے متحدہ عرب امارات کے لیے نئی فیڈر سروس کا آغاز ہو گیا ہے۔ کراچی گیٹ وے ٹرمینل سے فجیرہ اور خورفکن کے لیے باقاعدہ شپنگ سروس شروع کر دی گئی ہے۔

وفاقی وزیر نے اپنے بیان میں کہا کہ نئی فیڈر سروس ٹرانشپمنٹ کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے جس سے پاکستان کے درآمدکنندگان اور برآمدکنندگان کو عالمی شپنگ نیٹ ورک تک بہتر رسائی حاصل ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے کراچی پورٹ کے علاقائی بندرگاہوں کے ساتھ رابطوں میں نمایاں اضافہ ہوگا۔

محمد جنید انوار چوہدری کے مطابق پہلا فیڈر شپ کراچی گیٹ وے ٹرمینل پہنچ چکا ہے اور نئی سروس سے پاکستان کی سپلائی چین کو استحکام ملنے کی توقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی شپنگ تبدیلیوں کے دوران یہ پیش رفت پاکستان کی تجارت کے لیے اہم ثابت ہوگی۔ادھر چیئرمین کے پی ٹی ریئر ایڈمرل شاہد احمد نے بھی اس اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے بحری روابط مزید مضبوط ہوں گے اور متحدہ عرب امارات کے جدید لاجسٹک نیٹ ورک سے پاکستانی تجارت کو فائدہ پہنچے گا۔

وفاقی وزیر نے اس موقع پر کہا کہ کراچی گیٹ وے ٹرمینل کی انتظامیہ نے پاکستان کی بحری تجارت کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے اور اس ضمن میں کراچی گیٹ وے ٹرمینل کے چیف ایگزیکٹو افسر خرم عزیز کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔