وفاقی وزیرانجینئر  امیر مقام کی زیرِصدارت  گلگت میں موجودہ صورتحال کے حوالے سے  اجلاس منعقد

16

گلگت،  29 مارچ ( اے پی پی): وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے گلگت میں موجودہ صورتحال کے حوالے سے  اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر کو علاقے میں جاری توانائی منصوبوں, 100 میگاواٹ سولر پاور منصوبے سمیت وزیرِ اعظم شہباز شریف کی جانب سے گلگت بلتستان کی عوام کے لیے تحفے کے طور پر فراہم کیے جانے والے سولر پلیٹس منصوبے پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

متعلقہ حکام نے وفاقی وزیر کو منصوبوں کی موجودہ پیش رفت، تکنیکی پہلوؤں اور مستقبل کے امکانات سے آگاہ کیا۔

اجلاس میں گلگت بلتستان کی مجموعی صورتحال، امن و امان اور دیگر اہم امور کا جائزہ لیا گیا، جبکہ حالات کو مزید بہتر بنانے کے لیے مختلف اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔اس موقع پر وفاقی وزیر نے توانائی کے شعبے میں جاری اقدامات کو سراہتے ہوئے منصوبوں کی بروقت تکمیل اور مؤثر عملدرآمد کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت گلگت بلتستان میں پائیدار توانائی کے فروغ کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے جبکہ سولر توانائی منصوبے علاقے کی توانائی ضروریات پوری کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔