وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے چمڑا اور فٹ ویئر صنعت کے وفد کی ملاقات

16

اسلام آباد، 5 مارچ (اے پی پی): وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے چمڑا اور فٹ ویئر صنعت کے وفد نے ملاقات کی جس میں فٹ ویئر سیکٹر کے برآمدی امکانات اور درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران بتایا گیا کہ پاکستان میں فٹ ویئر کی سالانہ کھپت تقریباً 55 کروڑ جوڑے ہے جبکہ ملک کی پیداواری صلاحیت 70 کروڑ جوڑوں تک ہے۔

وفد نے بتایا کہ استعمال شدہ جوتوں کی درآمدات سے مقامی صنعت کو شدید مسابقت کا سامنا ہے اور ملک کی مقامی مارکیٹ کا تقریباً 30 سے 40 فیصد حصہ استعمال شدہ جوتوں کی درآمدات سے پورا ہو رہا ہے۔وفد کی جانب سے استعمال شدہ جوتوں کے لیے علیحدہ ایچ ایس کوڈ متعارف کرانے کی تجویز بھی پیش کی گئی۔ بتایا گیا کہ اس وقت استعمال شدہ جوتے استعمال شدہ کپڑوں کے زمرے میں درآمد ہوتے ہیں جس سے درست نگرانی اور ویلیوایشن میں مشکلات پیش آتی ہیں۔

جوائنٹ سیکرٹری ٹیرف نے وزیر تجارت کو آگاہ کیا کہ علیحدہ ایچ ایس کوڈ کی تجویز ٹیرف پالیسی بورڈ کے آئندہ اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہے اور مشاورت و منظوری کے بعد یہ تجویز آئندہ وفاقی بجٹ کا حصہ بن سکتی ہے۔اس موقع پر وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے فٹ ویئر صنعت کو برآمدات بڑھانے اور عالمی منڈیوں میں پاکستان کی موجودگی مضبوط بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مقامی طور پر تیار کردہ جوتے مقامی مارکیٹ میں مناسب قیمت پر دستیاب ہونے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اور صنعت کے درمیان قریبی تعاون سے فٹ ویئر سیکٹر کی برآمدی صلاحیت کو مزید فروغ دیا جائے گا۔