اسلام آباد، 16 مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا، جس میں وفاقی اور صوبائی اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں امن و امان، افغان مہاجرین کی واپسی، حوالہ ہنڈی اور بھتہ خوری، اسمگلنگ کے خاتمے سمیت اہم امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بلوچستان میں امن و استحکام کے قیام کے لیے فیڈرل کانسٹیبلری کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔
پہلے مرحلے میں فیڈرل کانسٹیبلری کے دو ونگز پر مشتمل تقریباً تین ہزار اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔
بلوچستان میں ایف آئی اے کو مزید فعال بنانے کا فیصلہ کیا گیا اور تمام خالی آسامیوں پر مقامی افراد کی بھرتی کی جائے گی۔
سوشل میڈیا پر ریاست مخالف سرگرمیوں کی مانیٹرنگ کو موثر بنانے پر اتفاق کیا گیا اور ریاست کے خلاف سوشل میڈیا پر بے بنیاد پروپیگنڈوں میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ بلوچستان کے حالات سے مکمل آگاہ ہیں اور امن کے قیام کے لیے ہر ممکن معاونت کریں گے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پوری قوت اور عزم کے ساتھ مقابلہ کر رہے ہیں اور قومی یکجہتی سے دہشت گردی کو شکست دیں۔











