وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز سالک حسین کی زیر صدارت خصوصی اجلاس

12

اسلام آباد ،25مارچ(اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز سالک حسین کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں پاکستانیوں کیلئے سپینش ریذیڈنٹ کارڈ کے حصول کے حوالے سے پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں سپین میں غیر قانونی تارکین وطن کو قانونی حیثیت دینے کیلئے رجسٹریشن کے آغاز سے قبل پاکستانیوں کو پاسپورٹ اور دیگر کاغذات ایک ہفتے میں جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

سپین کی اس سکیم سے تقریبا 15 ہزار پاکستانی فائدہ اٹھائیں گے۔ وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز سالک حسین نے سپین میں مقیم پاکستانیوں کو بھرپور سپورٹ فراہم کرنے پر وزارت داخلہ کا شکریہ ادا کیا۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ کسی مجرم یا مطلوب ملزم کو ہر گز پاسپورٹ جاری نہ کیا جائے۔

سفارت خانے کو پاسپورٹ سیکشن کیلئے اضافی عملہ فوری فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ نیشنل پولیس بیورو کی جانب سے کریکٹر سرٹیفکیٹ کی تصدیق کو سہل اور تیز کیا گیا ہے ۔