لاہور 25 مارچ(اے پی پی) چیف منسٹر پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ڈی پی) کے تحت ٹاؤن ہال کے لان میں کنٹریکٹرز کے سامنے ٹینڈرز کی اوپننگ آج شروع ہو گئی۔
وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے تعمیری اسکیموں کے لیے بولیوں کے عمل کا جائزہ لیا جبکہ سیکرٹری بلدیات شکیل احمد اور پراجیکٹ ڈائریکٹر احمر کیفی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے بِڈرز سے ملاقات کی اور شفاف عمل پر اطمینان کا اظہار کیا۔
وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے بتایا کہ آج 60 ارب کے 94 پیکیجز کیلئے پیشکشوں کو کھولا گیا، شفاف گورننس وزیراعلیٰ مریم نواز کی حکومت کا طرہ امتیاز ہے، لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کی طرح پی ڈی پی بھی شفافیت کا حامل ہوگااور کہا کہ الحمدللہ کسی ایک بِڈر کی جانب سے شکایت دیکھنے کو نہیں ملی۔
ذیشان رفیق نے کہا کہ تمام کنٹریکٹرز کو شرکت کا یکساں موقع فراہم کیا جبکہ مریم نواز نے وزیراعلیٰ بنتے ہی ای بِڈنگ شروع کی جس میں کسی کیلئے کوئی رکاوٹ نہیں، وزیراعلیٰ مریم نواز نے گورننس میں نئے معیارات متعارف کرائے جس سے دنیا قائل ہوگئی۔وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ باون شہروں میں سینی ٹیشن کا مسئلہ ہمیشہ کیلئے حل ہونے والا ہے، جس میں جنوبی، وسطی اور شمالی پنجاب کے شہر پہلے مرحلے میں شامل ہیں، پہلے کبھی کسی نے 25 سال کیلئے ماسٹر پلاننگ کا نہیں سوچا تھا۔
ذیشان رفیق نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کا مقصد ہی عوام کو سہولیات فراہم کرنا ہے، بارانی پانی کی سٹوریج کیلئے 358 انڈر گرائونڈ ٹینک بنیں گے اور کوئی گلی کچی نہیں رہے گی، لائننگ پائپ استعمال کر رہے ہیں۔ وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے بتایا کہ بلدیاتی انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن حلقہ بندیاں کر رہا ہے، جو شیڈول جاری ہوگا اُسکے مطابق انتخابات کرا دیں گے۔











