اسلام آباد،04 مارچ (اے پی پی):افغان طالبان کی بلا اشتعال جارحیت کے خلاف افغانستان میں پاکستان بھرپور زمینی اور فضائی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔
معروف امریکی جریدے نیویارک ٹائمز نے بھی آپریشن غضب للحق میں پاکستان کی بڑی کامیابی کی تصدیق کردی۔
نیویارک ٹائمز کے مطابق پاکستان نے افغانستان کے اہم ترین بگرام ایئربیس کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔ رپورٹ کے مطابق حملے میں ایک طیارہ گاہ ہینگر اور دو گودام تباہ ہوئے جن کی سیٹلائٹ تصاویر بھی سامنے آگئی ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ افغانستان کی وزارت دفاع نے بھی پاکستانی فضائی حملے کی تصدیق کی ہے۔
نیویارک ٹائمز کے مطابق پاکستان نے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران افغانستان کے فوجی اہداف پر پچاس سے زائد فضائی حملے کیے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق افغانستان میں فتنہ الخوارج کی موجودگی کے شواہد اقوامِ متحدہ کی رپورٹس میں بارہا پیش کیے جا چکے ہیں۔
دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ بگرام ایئربیس پر کامیاب کارروائی نے افغان طالبان رجیم کو بھاری نقصان پہنچایا ہے اور واضح پیغام دیا ہے کہ پاکستان افغانستان میں کہیں بھی کارروائی کی صلاحیت رکھتا ہے۔
ماہرین کے مطابق پاکستان کی بارہا تنبیہ کے باوجود افغانستان سے مسلسل دہشت گردی جاری ہے جس میں امریکی چھوڑا گیا اسلحہ بھی استعمال ہوتا رہا ہے۔











