اسلام آباد، 4 مارچ (اے پی پی ): وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری سے آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی جس میں کراچی کی بندرگاہوں سے اندرونِ ملک جانے والی اوورلوڈ گاڑیوں کی روک تھام کا مطالبہ کیا گیا۔
وفد نے مؤقف اختیار کیا کہ اوورلوڈنگ سڑکوں کی تباہی اور ٹریفک حادثات کا بڑا سبب بن رہی ہے جس سے قومی شاہراہوں کو نقصان پہنچ رہا ہے اور قیمتی انسانی جانیں ضائع ہو رہی ہیں۔ ٹرانسپورٹرز نے مطالبہ کیا کہ بندرگاہوں سے روانگی کے وقت ہی گاڑیوں کے وزن کی مؤثر جانچ کو یقینی بنایا جائے۔
وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ پورٹ گیٹس پر ویٹ چیکنگ نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے گا تاکہ اوورلوڈ گاڑیوں کی بروقت نشاندہی ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ ایکسل لوڈ کمپلائنس قانون کے مطابق یقینی بنائی جائے گی اور اس حوالے سے متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر اقدامات کیے جائیں گے۔
ملاقات میں بندرگاہوں سے سامان کی ترسیل کے نظام کو بہتر بنانے اور سڑکوں کے تحفظ کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔











