اسلام آباد، 12 مارچ ( اے پی پی): چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت سیکٹر ڈویلپمنٹ میں ہونے والی پیش ر فت کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس میں سی ڈی اے کے ممبر ایڈمن و اسٹیٹ، ممبر فنانس، ممبر پلاننگ و ڈیزائن، ممبر انجینئرنگ، ممبر انوائرمنٹ سمیت دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں نئے سیکٹرز میں ڈویلپمنٹ ورک اور پلاٹس مالکان کو قبضہ حوالگی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے نے سیکٹر ڈویلپمنٹ میں ہونے والی پیش ر فت کا جائزہ لیتے ہوئے ڈیویلپڈ پلاٹس کا قبضہ جلد دینے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں متعلقہ افسران کی جانب سے چیئرمین سی ڈی اے کو سیکٹر C-14 کے ترقیاتی کاموں میں ہونے والی پیش رفت پر بریفنگ دی گئی جس میں بتایا گیا کہ سیکٹر C-14 میں بنیادی انفراسٹرکچر کا کام مکمل کر لیا گیا ہے، اور95 فیصد سے زائد بجلی کی فراہمی کا کام مکمل کر لیا گیا ہے، جبکہ مرکزی شاہراہوں پر لائٹ پولز کی تنصیب کا کام بھی مکمل کر لیا گیا ہے، سیکٹر C-14 کی شاہراہوں اور گلیوں پر سائن بورڈز کی تنصیب مکمل کرلی گئی ہے،انوائرمنٹ ونگ کی جانب سے مرکزی شاہراہوں پر لینڈ سکیپنگ اور ہارٹیکلچر کا کام بھی تیزی کےساتھ جاری ہے، سیکٹر C-14 کے داخلی راستوں پر ڈیجیٹل بورڈ نصب کئے جائیں۔
محمد علی رندھاوا نے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ افسران سیکٹر C-14 کا خود دورہ کریں اور ترقیاتی سرگرمیوں کا جائزہ لیں تاکہ نئے سیکٹرز پر پوزیشن دینے کے عمل کا باقاعدہ آغاز کیا جاسکے۔
متعلقہ افسران نے چیئرمین سی ڈی کو سیکٹر C-15 میں جاری ترقیاتی سرگرمیوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔ سیکٹر C-15 کی تقریباً 37 گلیوں کا سب بیس کا کام جاری ہے، سیکٹر C-15 میں ریلوے برج کیلئے این او سی کے حصول کا عمل اور اس کے ڈیزائن کیلئے کنسلٹنٹ کی خدمات جلد حاصل کی جائیں گی۔
اجلاس میں سیکٹر E-12 میں جاری ترقیاتی سرگرمیوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ سیکٹر E-12 کے سب سیکٹرز 1 اور 2 میں سڑکوں پر سب بیس کا کام پایہ تکمیل تک پہنچنے والا ہے، اسی طرح سیکٹر E-12 میں کمرشل مرکز کے اردگرد مرکزی سڑکوں پر کام تیزی سے جاری ہے، اسی طرح سیکٹر E-12 میں بجلی کی فراہمی پر بھی کام تیزی سے جاری ہے، اجلاس میں سیکٹر I-12 کے ترقیاتی کاموں میں ہونے والی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا ۔











