اسلام آباد ، 26 مارچ ( اے پی پی ):چیئرمین سی ڈی اے کی زیرِ صدارت دارالحکومت اسلام آباد میں پانی کے مسائل کے حل وفراہمی سے متعلق مختلف اقدامات اور منصوبہ کی پیشرفت پر اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سی ڈی اے بورڈ کے ممبر پلاننگ و ڈیزائن، ممبر فنانس، ممبر انوائرمنٹ سمیت اسلام آباد واٹر کے ڈی جی اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں اسلام آباد میں پانی سے متعلق منصوبوں اور اقدامات پر پیشرفت اور انکی بروقت تکمیل کیلئے جائزہ اور ضروری ہدایات دی گئیں۔اوراجلاس میں پانی کے بنیادی انفراسٹرکچر کی اپگریڈیشن اور بحالی کے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ اس سلسلے میں واٹر ورکس، کنڈکشن پائپ لائنز، واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس،واٹر پمپس کی بحالی اور اپگریڈیشن کی مختلف سکیمز پر کام جاری ہے۔اسلام آباد میں پانی کے نظام کی جدید بنیادوں پر مانیٹرنگ کیلئے سکاڈا سسٹم اور فلو میٹرز کی تنصیب کا عمل بھی جاری ہے۔
اجلاس میں بارش کے پانی کو ذخیرہ کرنے اور زیر زمین پانی کو ریچارج کرنے کے حوالے سے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسلام آباد میں زیر زمین پانی کی سطح کو بلند کرنے اور پانی کے ضیاع کو روکنے کیلئے تقریباً 100 مقامات پر بارش کے پانی کے ریچارج ویلز بنائے جائے گئے۔
اسی طرح اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں بارش کے پانی کو ذخیرہ کرنے کیلئے تقریباً 20 مقامات پر واٹر اسٹوریج ٹینکس تعمیر کئے جائینگے۔چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایات جاری کی کہ وفاقی دارالحکومت میں سی ڈی اے کے بلڈنگ بائی لاز کے تحت چھتوں سے بارش کا پانی ذخیرہ(روف ٹاپ رین واٹر ہارویسٹنگ) کرنے کے نظام کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔اس نظام پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسلام آباد میں واٹر ٹینکر سروس کی بہتری، پانی سے متعلق شکایات کیلئے ڈیش بورڈ کے ذریعے مؤثر طریقہ کار وضع کیا گیا ہے۔
اجلاس میں دارالحکومت اسلام آباد میں ڈیم منصوبوں پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔شاہدرہ ڈیم منصوبے کی فزیبلٹی اسٹڈی کا عمل مکمل ہوچکا ہے۔شاہدرہ ڈیم منصوبہ ڈیزائن تکمیلی مراحل میں ہےجبکہ دوتارہ ڈیم کے فزیبلٹی اسٹڈی پر کام جاری ہے جو مئی 2026ء تک مکمل کر لیا جائیگا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ کورنگ نالے پر 3 سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹس (ایس ٹی پی) کے قیام کے حوالے سے بھی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا،یہ منصوبہ ای پی سی طرز پر تعمیر کیا جائیگا، جس کیلئے ڈیزائن اور کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کرنے کا عمل جاری ہے۔ علاو ہ ازیں اجلاس میں بتایا گیا کہ وفاقی دارالحکومت میں 11 ویٹ لینڈز کے پی سی-ون کی منظوری دے دی گئی ہے، مختلف ویٹ لینڈز کی جگہ کی سلیکشن کا عمل جاری ہے جبکہ ایف ڈی او کے تعاون سے 2 ویٹ لینڈز پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوانے کہا کہ تمام منصوبوں اور اقدامات کی تکمیل کیلئے واضح ٹائم لائنز پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔دارالحکومت اسلام آباد میں پانی کے بلوں کی بروقت فراہمی کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے، چئیرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ پانی کے بل ماہانہ بنیادوں پر فوری طور پر صارفین تک پہنچانے کا میکنزم بنایا جائے۔ دارالحکومت اسلام آباد میں پانی کے مسائل کے مستقل حل اور فراہمی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے خود مختار اسلام واٹر ایجنسی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے، ان اقدامات کا مقصد وفاقی دارالحکومت میں پانی کی فراہمی کے نظام کو مزید بہتر، شفاف اور مؤثر بنانا ہے۔











