اسلام آباد ، 18 مارچ ( اے پی پی): چیف کمشنر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے کی زیر صدارت عید الفطر کے موقع پر سکیورٹی اور امن و امان کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس ہوا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شکرپڑیاں نیشنل پارک، لیک ویو پارک اور دامن کوہ پارک 20 سے 23 مارچ تک عوام کے لیے فیملی پارکس کے طور پر کھلے رہیں گے، جبکہ F-9 پارک عوام کے لیے مخصوص وقت کے مطابق کھلا رہے گا۔
عیدگاہوں، مرکزی مساجد اور امام بارگاہوں میں عید کی اجتماعات کے لیے جامع سکیورٹی پلان تیار کیا گیا ہے اور فیصل مسجد کے لیے خصوصی ٹریفک پلان وضع کیا گیا ہے۔ سکیورٹی کے ساتھ سینیٹیشن اور ریسکیو کا عملہ عید الفطر کے موقع پر مراکز اور دیگر پبلک مقامات پر اپنی ڈیوٹی سر انجام دے گا۔
چیف کمشنر اسلام آباد نے ہدایت کی کہ پارکس میں نصب جھولوں کا معائنے کیا جائے اور آپریٹرز سے جھولوں کے فٹنس سرٹیفکیٹ لیے جائیں تاکہ عوام کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔ عید الفطر کے موقع پر ٹریفک پلان کو عوام کے ساتھ شئیر کیا جائے گا تاکہ وہ پہلے سے اپنے سفر کی منصوبہ بندی کر سکیں۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ون ویلنگ اور ڈریفٹنگ جیسی غیرقانونی سرگرمیوں کے خلاف سخت آپریشنز کیا جائے گا اور تمام متعلقہ ادارے ایک ٹیم کی طرح مل کر کام کریں گے تاکہ عید کے موقع پر شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے اور وہ پرامن طریقے سے عید کی خوشیاں منا سکیں۔











