کمشنر عامر کریم خاں کا ایم پی اے سلمان نعیم کے ہمراہ نیو شاہ شمس کالونی میں زیرِ تعمیر محمدی گراؤنڈ پارک کا دورہ

17

ملتان، 31 مارچ (اے پی پی): کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے ایم پی اے سلمان نعیم کے ہمراہ نیو شاہ شمس کالونی میں زیرِ تعمیر محمدی گراؤنڈ پارک کا دورہ کیا اور ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔

دورے کے دوران کمشنر نے تعمیراتی کام کی سست رفتار پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری اقدامات کی ہدایت کی۔ انہوں نے ملتان ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایم ڈی اے) کو ہدایت دی کہ غفلت کے مرتکب ٹھیکیدار کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

کمشنر عامر کریم خاں نے واضح کیا کہ پارک کی تعمیر میں مزید تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور منصوبے کو جلد از جلد مکمل کر کے عوام کے لیے کھولا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اہلِ علاقہ کو جدید اور معیاری سہولیات سے آراستہ پارک کی بروقت فراہمی یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کو معیاری سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی، جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق تمام ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اولین ترجیح ہے تاکہ عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

دورے کے موقع پر ایم ڈی اے حکام نے کمشنر کو منصوبے پر جاری پیش رفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی۔