کمشنر عامر کریم خاں کی زیر صدارت ماہِ صیام کے انتظامات کے حوالے سے  جائزہ اجلاس 

12

ملتان،4مارچ ) اے پی پی ): کمشنر عامر کریم خاں کی زیر صدارت ماہِ صیام کے انتظامات کے حوالے سے اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈویژن بھر میں جاری ریلیف اقدامات، پرائس کنٹرول مہم اور سہولت بازاروں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

 اجلاس میں ڈویژن کے ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی اور بریفنگ دی۔کمشنر عامر کریم خاں نے اس موقع پر کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق ماہِ صیام میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔

 انہوں نے ہدایت کی کہ سہولت بازاروں میں اشیائے ضروریہ سرکاری نرخوں پر وافر مقدار میں دستیاب ہوں اور اس سلسلے میں مؤثر مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے۔اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ڈویژن میں 4 لاکھ 87 ہزار سے زائد رمضان نگہبان کارڈز میں سے اب تک 3 لاکھ 78 ہزار سے زائد مستحق افراد میں تقسیم کیے جا چکے ہیں جبکہ تقسیم کا عمل تیزی سے جاری ہے۔

بریفنگ کے مطابق ڈویژن بھر میں 34 دسترخوان قائم کیے گئے ہیں جہاں روزانہ 12 ہزار سے زائد افراد مستفید ہو رہے ہیں۔ اسی طرح 5 سہولت بازار فعال ہیں جہاں روزانہ تقریباً 14 ہزار شہری خریداری کر رہے ہیں اور اشیائے ضروریہ اوپن مارکیٹ کے مقابلے میں نمایاں کم نرخوں پر دستیاب ہیں۔

کمشنر نے واضح کیا کہ گرانفروشی اور ذخیرہ اندوزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی جانب سے متعدد دکانوں کی انسپکشن، لاکھوں روپے جرمانے، گرفتاریاں اور دکانیں سیل کی جا چکی ہیں جبکہ ہزاروں گرانفروشوں کو وارننگ جاری کی گئی ہے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ ڈویژن بھر میں 4 ہزار 775 بڑی مساجد کی صفائی مکمل کی جا چکی ہے جبکہ 57 مقامات پر رمضان انتظامات کی بیوٹیفکیشن اور برانڈنگ بھی مکمل کر لی گئی ہے۔

 مزید برآں 235 پوائنٹس پر آٹے کی فراہمی جاری ہے جبکہ چینی کی فروخت کیلئے 5 سیل پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں جہاں شہریوں کو سرکاری نرخوں پر فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔