کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی میلسی میں ڈسٹرکٹ پبلک سکول (ڈی پی ایس) کے قیام کی منظوری

17

ملتان، 16 مارچ (اے پی پی): کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے میلسی میں ڈسٹرکٹ پبلک سکول (ڈی پی ایس) کے قیام کی اصولی منظوری دے دی ہے۔ اس حوالے سے کمشنر کی زیر صدارت جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں میلسی میں ڈی پی ایس اور جم خانہ کے قیام سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر میلسی سعد بن خالد نے ویڈیو لنک کے ذریعے بریفنگ دی جبکہ ڈپٹی کمشنر وہاڑی خالد گورائیہ اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو بابر سلمان بھی شریک ہوئے۔

کمشنر عامر کریم خاں نے متعلقہ حکام کو ڈی پی ایس کے قیام کے منصوبے پر فوری عملی اقدامات شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہر بچے کو معیاری تعلیم کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے اور ڈی پی ایس کے قیام سے علاقے میں تعلیمی معیار میں نمایاں بہتری آئے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ڈی پی ایس کے بورڈ آف گورنرز کی تشکیل کے حوالے سے بھی باقاعدہ منصوبہ بندی شروع کی جائے۔

کمشنر نے کہا کہ نئے سکول کی پلاننگ میں کشادہ کلاس رومز، بہترین تدریسی ماحول اور بچوں کے لیے جدید سہولیات کو یقینی بنایا جائے۔ اجلاس میں میلسی میں جم خانہ کے قیام کے حوالے سے بھی غور کیا گیا اور کمشنر نے متعلقہ حکام کو موزوں جگہ کا جائزہ لینے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ جدید تقاضوں کے مطابق تعلیمی ادارے قائم کر کے تعلیمی معیار کو بلند کیا جائے گا۔