اسلام آباد، 5 مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال کی زیر صدارت ہائیر ایجوکیشن میں فیکلٹی کے پے اسکیل نظام پر قائم ٹاسک فورس کا آٹھواں اجلاس منعقد ہوا جس میں ہائیر ایجوکیشن کمیشن اور صوبائی ہائیر ایجوکیشن کے نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس میں یونیورسٹی اساتذہ کے پے اسکیل، ٹینیور ٹریک سسٹم اور اعلیٰ تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے سے متعلق امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ ٹینیور ٹریک سسٹم کی تنخواہیں 2021 سے منجمد ہیں جبکہ ٹی ٹی ایس سکیل میں موجود 35 فیصد فرق بھی ختم ہو چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر یونیورسٹیوں میں قابل اور باصلاحیت اساتذہ موجود نہ ہوں تو اعلیٰ تعلیم کا پورا نظام متاثر ہو سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یونیورسٹیوں میں ٹیلنٹ کو متوجہ کرنے اور اسے برقرار رکھنے کے لئے پے اسکیل میں مناسب ترمیم ناگزیر ہے۔
احسن اقبال نے ہدایت کی کہ بہتر تنخواہوں کے ساتھ ساتھ کارکردگی کے اشاریوں کو بھی سختی سے نافذ کیا جائے تاکہ تعلیمی معیار کو یقینی بنایا جا سکے۔
اجلاس میں ٹینیور ٹریک سسٹم میں شامل اساتذہ کو بیس لائن کے تحت 35 فیصد تنخواہ دینے کے لئے سفارشات کی منظوری بھی دی گئی۔وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر یونیورسٹیوں کے لئے بجٹ میں اضافہ یقینی بنائے تاکہ اعلیٰ تعلیم کے شعبے کو درپیش مالی مسائل حل کیے جا سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہر پی ایچ ڈی ایک جیسی نہیں ہوتی اس لئے دنیا کی پچاس بہترین یونیورسٹیوں سے پی ایچ ڈی کرنے والے اساتذہ کو خصوصی مراعات دینے پر بھی غور کیا جانا چاہئے تاکہ عالمی معیار کی تحقیق اور تدریس کو فروغ دیا جا سکے۔











