آئی ٹی ایف زینب علی نقوی میموریل ورلڈ جونیئرز ٹینس چیمپئن شپ کا آغاز

13

اسلام آباد، 06 اپریل ( اے پی پی): پاکستان ٹینس فیڈریشن  کے زیر اہتمام اسلام آباد کے پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس میں ‘آئی ٹی ایف پاکستان تھرڈ زینب علی نقوی میموریل ورلڈ جونیئرز ٹینس چیمپئن شپ (لیگ ون)’ کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے، جس میں پاکستان سمیت دنیا کے 14 ممالک کے 24 لڑکے اور 15 لڑکیاں شرکت  کر رہے ہیں۔

افتتاحی تقریب کے موقع پر صدر پی ٹی ایف اعصام الحق قریشی اور سیکرٹری جنرل کرنل ضیاء الدین طفیل نے کراچی سے تعلق رکھنے والی باصلاحیت ٹینس کھلاڑی زینب علی نقوی کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا۔ زینب علی نقوی فروری 2024 میں اسلام آباد ہی میں ایک ٹورنامنٹ کے دوران حرکتِ قلب بند ہونے سے انتقال کر گئی تھیں۔

 پی ٹی ایف حکام کا کہنا تھا کہ یہ انٹرنیشنل ٹورنامنٹ زینب کی یاد اور ان کی خدمات کو زندہ رکھنے کا ایک ذریعہ ہے، جبکہ انہوں نے تمام غیر ملکی کھلاڑیوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔