وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا سیف سٹی ہیڈکوارٹر اسلام آباد کا دورہ

15

اسلام آباد ،06اپریل (اے پی پی): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سیف سٹی ہیڈکوارٹر اسلام آباد کا دورہ کیا اور خصوصی اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں اسلام آباد سیف سٹی کے فیز ٹو پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور 30 مئی تک فیز ٹو پر جاری تمام کام مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

وزیر داخلہ نے سیف سٹی منصوبے کی مقررہ مدت میں تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ اسلام آباد میں سنٹرل کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کو اپگریڈ کیا جائے گا۔ پولیسنگ، ٹریفک اور شہری سہولیات کے نظام کو انٹیگریٹ کیا جائے گا۔

محسن نقوی نے کہا کہ کیپٹل سمارٹ سٹی میں ٹریفک مینجمنٹ سے کرائم کنٹرول کا جدید سسٹم ہوگا اور اسلام آباد کو محفوظ شہر بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔اجلاس میں سیف سٹی ہیڈکوارٹر کے نئے ڈیزائن کی منظوری دی گئی اور آئی جی اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی نے وزیر داخلہ کو سیف سٹی پراجیکٹ پر تفصیلی بریفنگ دی ۔