اسلام آباد، 29 اپریل (اے پی پی): وفاقی دارالحکومت میں جاری آئی ٹی ایف مینز فیوچرز ٹینس ٹورنامنٹ (لیگ-1) کے دوسرے روز پاکستانی کھلاڑیوں نے شاندار فتوحات سمیٹ لیں۔ مینز سنگلز میں محمد شعیب نے اطالوی حریف ایڈوارڈو چیری کو 6-1، 6-3 سے ہرا کر اگلے مرحلے میں جگہ بنائی جبکہ برکت اللہ نے یوسف خلیل کو 1-6، 6-4 اور 6-2 سے شکست دے کر کامیابی حاصل کی۔ پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس میں سابق ٹینس اسٹار خواجہ افتخار احمد کی یاد میں منعقدہ اس عالمی ایونٹ میں 23 ممالک کے 70 کھلاڑی شریک ہیں، جس کے مینز ڈبلز مقابلوں میں پاکستان کی ابھرتی ہوئی جوڑی احمد نائل قریشی اور ابوبکر طلحہ نے روسی جوڑی کے خلاف پہلا سیٹ ہارنے کے بعد زبردست کم بیک کرتے ہوئے 5-7، 6-2 اور 10-5 سے فتح حاصل کی، جبکہ تجربہ کار عقیل خان اور برکت خان کی جوڑی نے بھی آسٹریلوی اور پولش کھلاڑیوں کو یکطرفہ مقابلے کے بعد آؤٹ کر کے اگلے راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کر لیا۔











