وفاقی کابینہ کا اجلاس، ویکسین تیاری، بائیو ٹیکنالوجی اور سکلز ڈویلپمنٹ پالیسیوں کی منظوری

6

اسلام آباد، 29 اپریل (اے پی پی):  وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس  وزیراعظم ہاؤس میں منعقد ہوا۔

وزیراعظم نے کابینہ ارکان کو مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کی سفارتی کاوشوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے عالمی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے بحران کے باوجود عوامی سہولت کے لیے صورتحال کو بہتر انداز میں سنبھالنے پر اطمینان کا اظہار کیا۔

اجلاس میں مختلف شعبہ جاتی پالیسیوں کی منظوری دی گئی۔ وفاقی کابینہ نے ملکی سطح پر ویکسین کی تیاری کی پالیسی کی منظوری دے دی۔ اس سلسلے میں ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان کی زیر نگرانی قیمتوں کے تعین اور معیار کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی کمیٹی کی تشکیل کی بھی منظوری دی گئی۔ پالیسی کا مقصد ویکسین کی درآمدات پر انحصار کم کرنا، زرمبادلہ کی بچت اور ملک کو ویکسین کی تیاری میں خود کفیل بنانا ہے۔

کابینہ نے ملک کی پہلی نیشنل ایگریکلچر بائیو ٹیکنالوجی پالیسی، نیشنل سیڈ پالیسی 2025 اور نیشنل سکلز ڈیویلپمنٹ پالیسی کی بھی منظوری دی۔ نیشنل ایگریکلچر بائیو ٹیکنالوجی پالیسی کا مقصد قومی غذائی تحفظ، زرعی پیداوار میں اضافہ اور تحقیق و ترقی کو یقینی بنانا ہے۔ نیشنل سیڈ پالیسی 2025 کے تحت 15 سے 20 فیصد زرعی پیداوار میں اضافے اور عالمی معیار کی سیڈ کمپنیوں کے ساتھ شراکت داری کے اقدامات کیے جائیں گے۔

نیشنل سکلز ڈویلپمنٹ پالیسی کے تحت ملکی صنعت و تجارت کی ضروریات اور جدید تقاضوں کے مطابق افرادی قوت کی استعداد کار بڑھائی جائے گی۔ بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں کے لیے بین الاقوامی معیار کی تربیت اور سرٹیفیکیشن کے خصوصی اقدامات بھی پالیسی کا حصہ ہیں۔ وفاق اور تمام صوبے اس پر باہمی تعاون سے عمل درآمد کریں گے جبکہ نجی شعبہ بھی اہم کردار ادا کرے گا۔

اجلاس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں وفاقی نظامت تعلیم میں یومیہ اجرت پر خدمات انجام دینے والے گریڈ 1 تا 15 کے اساتذہ کی اہلیت کے مطابق ایف ڈی ای وزٹنگ فیکلٹی ریگولیشنز 2025 کے تحت خدمات لینے کی منظوری دی گئی۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں نیپرا کی سالانہ رپورٹ 2025 اور سٹیٹ آف انڈسٹری رپورٹ 2025 بھی پیش کی گئیں۔

اجلاس کے اختتام پر وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ عمران احمد شاہ کی والدہ کے انتقال پر فاتحہ خوانی کی گئی۔