ایئرپورٹس پر عوام کی سہولت کیلئے وزارت دفاع و داخلہ کا مشترکہ لائحہ عمل، جدید مشینری اور ای گیٹس نصب کرنیکا فیصلہ

8

اسلام آباد  ،22اپریل(اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت وزارت دفاع اور داخلہ کی مشترکہ حکمت عملی کے لیے خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں ایئرپورٹس پر عوام کی سہولت کے لیے مشترکہ اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر کوآرڈی نیشن یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔چیکنگ کے نظام کو موثر بنانے کے لیے ایئرپورٹس پر جدید ترین مشینری نصب کی جائے گی۔جوائنٹ کاؤنٹرز قائم کرکے ایک ہی مقام پر چیکنگ کا نظام متعارف کرایا جائے گا۔

ای گیٹس کی تنصیب پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے مسافروں کو تیز تر کلیئرنس اور آسان سفری سہولتیں فراہم کرنے پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک ہی سکینر پر تمام اداروں کی مشترکہ چیکنگ سے وقت کی بچت ممکن ہوگی اور اداروں کے مابین ہم آہنگی سے ہی ایئرپورٹس پر رش اور انتظار میں کمی لائی جا سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو جدید، تیز اور آسان سفری سہولیات فراہم کرنا ہمارا عزم ہے۔

سیکرٹری دفاع نے اجلاس کو بتایا کہ ایئرپورٹس پر طیاروں کو پرندوں کی وجہ سے ہونے والے نقصان اور حادثوں سے بچانے کے لیے جدید ترین مشینری درآمد کی جا رہی ہے۔