اسلام آباد، 28 اپریل (اے پی پی): وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ پاکستان میں ایچ آئی وی کے کیسز میں کوئی غیر معمولی اضافہ نہیں ہوا اور مرض کی شرح عالمی سطح کے مقابلے میں کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں رجسٹرڈ مریضوں کی تعداد تقریباً 84 ہزار ہے جن میں سے 61 ہزار زیر علاج ہیں جبکہ بروقت علاج سے مریض معمول کی زندگی گزار سکتا ہے۔
نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر صحت نے کہا کہ حالیہ سفارتی کامیابیوں کے بعد عالمی سطح پر پاکستان کی اہمیت میں اضافہ ہوا ہے اور اب ہر پاکستانی پر زیادہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کیونکہ دنیا کی توجہ پاکستان پر مرکوز ہے۔
انہوں نے عالمی فنڈنگ کے نظام پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے لیے مختص 65 ملین ڈالر میں سے زیادہ تر رقم حکومت کے بجائے دیگر اداروں کو دی جاتی ہے جس پر حکومتی نگرانی محدود ہے، اس لیے شفافیت اور جوابدہی کے بہتر نظام کی ضرورت ہے۔
سید مصطفیٰ کمال نے ماضی کی بے ضابطگیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے ان معاملات کی نشاندہی کر کے کارروائی شروع کر دی ہے اور صحت کے شعبے میں اصلاحات کا عمل جاری ہے۔











