توانائی بچت، مارکیٹیں رات 8 بجے، ریسٹورنٹس و شادی ہالز 10 بجے بند، اطلاق کل سے ہو گا

13

اسلام آباد: 60 اپریل ( اے پی پی) : وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پیٹرولیم مصنوعات کی بچت اور کفایت شعاری کے اقدامات کے نفاذ سے متعلق اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک بھر کے لیے اوقاتِ کار کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔

اجلاس کے بعد جاری اعلامیے کے مطابق پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں تمام بازار، مارکیٹیں، شاپنگ مالز، ڈیپارٹمنٹل اسٹورز اور روزمرہ اشیاء کی دکانیں رات 8 بجے بند کر دی جائیں گی۔ خیبر پختونخوا کے ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں صوبائی حکومت کی مشاورت سے یہ وقت رات 9 بجے تک ہوگا۔

بیکریاں، ریسٹورنٹس، تندور اور دیگر کھانے پینے کی دکانیں رات 10 بجے بند ہوں گی۔ میرج ہالز، مارکیز اور دیگر شادی والے کمرشل مقامات کے ساتھ نجی گھروں میں بھی شادی کی تقریبات رات 10 بجے کے بعد منعقد کرنے پر پابندی ہوگی۔ میڈیکل اسٹورز اور فارمیسیز کو ان پابندیوں سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔

ان فیصلوں کا اطلاق 7 اپریل 2026 سے ہوگا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ سندھ میں اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت جاری ہے۔

اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ پیٹرولیم سبسڈی کی ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے منتقلی جاری ہے اور اب تک 1 لاکھ سے زائد ٹرانزیکشنز ہو چکی ہیں۔ وزیراعظم نے اعلان کیا کہ گلگت اور مظفرآباد میں انٹرا سٹی پبلک ٹرانسپورٹ ایک ماہ کے لیے مفت ہوگی جس کے اخراجات وفاقی حکومت اٹھائے گی۔

وزیراعظم نے وزرائے اعلیٰ پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور وزیراعظم آزاد کشمیر کا اتفاق رائے پر شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ سندھ بھی جلد شامل ہو جائے گا۔

اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ اور متعلقہ اعلیٰ افسران شریک ہوئے۔