حالیہ علاقائی کشیدگی کے تناظر میں پاکستان کو اہم سفارتی کامیابی حاصل ہوئی ہے،وفاقی وزیراحسن اقبال

10

اسلام آباد، 08اپریل (اے پی پی ):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے پاکستان کے برآمدی شعبے کے حوالے سے منعقدہ راؤنڈ ٹیبل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ علاقائی کشیدگی کے تناظر میں پاکستان کو اہم سفارتی کامیابی حاصل ہوئی ہے، جس سے نہ صرف خطے بلکہ عالمی معیشت کو ممکنہ بڑے بحران سے بچانے میں مدد ملی۔

انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ متعلقہ قیادت کی کاوشوں کے نتیجے میں کشیدگی میں کمی آئی اور جنگ بندی کی فضا قائم ہوئی، جس سے مذاکرات کے امکانات پیدا ہوئے اور پاکستان کا عالمی تشخص بھی بہتر ہوا۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ اس پیش رفت سے توانائی کی عالمی قیمتوں میں ممکنہ اضافے کو بھی روکا جا سکا، جبکہ مستقبل میں معاشی استحکام کے لیے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے اس موقع پر اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کو درآمدی ایندھن پر انحصار کم کر کے مقامی توانائی ذرائع، خصوصاً قابل تجدید توانائی، پر توجہ دینا ہوگی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حالیہ صورتحال نے لاجسٹکس اور شپنگ کے شعبے میں موجود کمزوریوں کو بھی اجاگر کیا ہے، جنہیں دور کرنے کے لیے اقدامات ناگزیر ہیں۔ ان کے مطابق برآمدات میں اضافہ پاکستان کی معاشی خودمختاری کے لیے کلیدی حیثیت رکھتا ہے، اور اس ضمن میں نئی منڈیوں کی تلاش، مصنوعات میں تنوع اور ویلیو ایڈیشن پر توجہ دینا ضروری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت برآمدی شعبے سے متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے ایسی پالیسیوں پر کام کر رہی ہے جو معیشت کو پائیدار بنیادوں پر استوار کرنے میں معاون ثابت ہوں۔