صدر زرداری سانیا پہنچ گئے، ہنگور آبدوز کی کمیشننگ تقریب میں شرکت کریں گے 

6

سانیا، 28 اپریل ( سے پی پی):   صدرِ مملکت آصف علی زرداری صوبہ ہُونان کا دورہ مکمل کرنے کے بعد  چین کے صوبہ ہائی نان کے شہر سانیا پہنچ گئے۔ سانیا ایئرپورٹ پر کمیونسٹ پارٹی آف چائنا ہائی نان کے پارٹی سیکرٹری وانگ جیانگ نے صدر کا استقبال کیا۔

استقبالیہ تقریب میں چین کے پاکستان میں سفیر جیانگ زائی دونگ اور گوانگجو میں پاکستان کے قونصل جنرل سردار محمد بھی موجود تھے۔

ایوانِ صدر کے میڈیا ونگ کے مطابق صدرِ مملکت کی سانیا آمد پاک-چین اعلیٰ سطح روابط کے تسلسل اور دوطرفہ تعاون کے فروغ کا مظہر ہے۔

سانیا عالمی سیاحتی مرکز ہونے کے ساتھ ساتھ ہائی نان فری ٹریڈ پورٹ کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے اور اقتصادی و تجارتی سرگرمیوں کا اہم مرکز سمجھا جاتا ہے۔

صدر زرداری دورہِ چین کے دوران صوبائی قیادت سے اقتصادی، تجارتی اور سٹرٹیجک تعاون بڑھانے کے ساتھ ساتھ سی پیک کے فروغ پر بھی تفصیلی تبادلۂ خیال کریں گے۔

ایوانِ صدر کے مطابق صدرِ مملکت سانیا میں پاک بحریہ کی نئی آبدوز ’’ہنگور‘‘  کی کمیشننگ تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔ ہنگور آبدوز پاک-چین دفاعی تعاون کا اہم منصوبہ ہے۔

واضح رہے کہ صدر زرداری کا یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ سٹرٹیجک شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کی کڑی ہے۔