اسلام آباد، 28 اپریل (اے پی پی ): اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل کی ایپکس کمیٹی کے سیکرٹری ڈاکٹر جہانزیب خان نے کہا ہے کہ یورپی یونین۔پاکستان بزنس نیٹ ورک محض ایک رسمی اقدام نہیں بلکہ ایک عملی پلیٹ فارم ہے جو تعلقات کو مکالمے سے آگے بڑھا کر سرمایہ کاری اور مشترکہ معاشی فوائد میں تبدیل کرے گا، جبکہ پاکستان میں معاشی استحکام اور پالیسی تسلسل سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول فراہم کر رہا ہے۔
اسلام آباد میں منعقدہ یورپی یونین۔پاکستان بزنس فورم کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے یورپی شراکت داروں اور کاروباری برادری کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ یورپ پاکستان کا ایک اہم معاشی شراکت دار ہے، جبکہ پاکستانی کاروباری طبقہ اس تعاون کو آگے بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یورپی یونین۔پاکستان بزنس نیٹ ورک کے قیام سے یورپی کمپنیوں کو پاکستان کی مارکیٹ کے ساتھ منظم اور مؤثر انداز میں جڑنے کا موقع ملے گا، جس سے شعبہ جاتی مواقع کی نشاندہی، پالیسی معاملات میں رہنمائی اور طویل مدتی شراکت داری کو فروغ حاصل ہوگا۔
ڈاکٹر جہانزیب خان نے کہا کہ حکومت نے سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ادارہ جاتی اصلاحات اور سہولت کاری کے اقدامات کیے ہیں، جبکہ ایس آئی ایف سی کے تحت سرمایہ کاروں کو ایک مربوط اور شفاف نظام کے ذریعے سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ کاروبار کو آسان بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ مختلف شعبوں میں اصلاحات اور سہولت کاری کے باعث سرمایہ کاری کے امکانات بہتر ہوئے ہیں، خصوصاً توانائی، زراعت، ٹیکنالوجی اور بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں پیش رفت دیکھنے میں آئی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ آئی ٹی اور ڈیجیٹل معیشت میں بھی مواقع بڑھ رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یورپی یونین اور پاکستان کے درمیان یہ شراکت داری باہمی اعتماد، پائیدار ترقی اور مشترکہ مفادات پر مبنی ہے، اور اس فورم کے ذریعے دونوں اطراف کے کاروباری اداروں کو نئے مواقع حاصل ہوں گے، جو طویل المدتی معاشی استحکام اور ترقی میں معاون ثابت ہوں گے۔











