صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے سری لنکا کے اعزازی قونصل جنرل یاسین جوئیہ کی ملاقات

9

لاہور، 27 اپریل (اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے سری لنکا کے اعزازی قونصل جنرل یاسین جوئیہ نے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

صوبائی وزیر کے دفتر میں ہونے والی ملاقات میں مختلف شعبوں میں دوطرفہ اشتراک کے امکانات کا جائزہ لیا گیا اور باہمی معاشی تعاون کو فروغ دینے کے لیے مل کر آگے بڑھنے پر اتفاق کیا گیا۔

چوہدری شافع حسین نے پنجاب میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تجارتی حجم میں اضافے کی اشد ضرورت ہے، جس کے لیے عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ زراعت، تعلیم، صحت، سائنس و ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دی جا سکتی ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ سری لنکا چائے کی کاشت میں مہارت رکھتا ہے اور پنجاب کے بعض علاقوں میں چائے کی کاشت کے امکانات کا جائزہ لیا جا سکتا ہے۔ اس سلسلے میں سری لنکا کی جدید ٹیکنالوجی سے بھی استفادہ کیا جائے گا۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ اعزازی قونصل جنرل کے ساتھ دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے حوالے سے مثبت اور تعمیری گفتگو ہوئی ہے، جو مستقبل میں دونوں خطوں کے درمیان مضبوط معاشی روابط کی بنیاد بنے گی۔