ملتان ،08 اپریل( اے پی پی): ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے علی الصبح شہر کے مختلف علاقوں کا اچانک دورہ کیا اور صفائی کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اس موقع پر انہوں نے ستھرا ملتان مہم کے تحت جاری اقدامات کا معائنہ کیا اور گلی محلوں میں صفائی کے معیار کو چیک کیا۔ڈپٹی کمشنر مختلف علاقوں میں پیدل پہنچے اور صفائی انتظامات کا براہ راست مشاہدہ کیا۔ انہوں نے صفائی عملے کی حاضری اور کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے موقع پر ضروری ہدایات جاری کیں اور صفائی نظام کو مزید مؤثر بنانے پر زور دیا۔
دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے شہریوں سے ملاقات بھی کی اور صفائی سے متعلق ان کا فیڈ بیک حاصل کیا۔ شہریوں نے صفائی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا جبکہ مزید بہتری کیلئے تجاویز بھی پیش کیں۔
ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے اس موقع پر کہا کہ ستھرا ملتان مہم کے تحت شہر بھر میں صفائی کے نظام کی کڑی مانیٹرنگ جاری ہے اور صفائی آپریشن کو مزید مؤثر بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔











