لاہور: وفاقی وزیر سید عمران احمد شاہ کا میو ہسپتال کا دورہ، پاکستان بیت المال کی جانب سے فراہم کی جانے والی معاونت کا جائزہ لیا

12

اسلام آباد، 01اپریل(اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ میو ہسپتال لاہور پہنچے جہاں انہوں نے اپنی وزارت کے ذیلی ادارے پاکستان بیت المال کی جانب سے فراہم کی جانے والی معاونت کا تفصیلی جائزہ لیا۔دورے کے دوران وفاقی وزیر نے بیت المال کے تحت انفرادی مالی معاونت کے نظام اور اس میں شفافیت کے اقدامات کا بھی معائنہ کیا۔حکام کے مطابق میو ہسپتال کو پاکستان بیت المال کی جانب سے گزشتہ چند برسوں کے دوران ہزاروں مریضوں کے علاج کے لیے اربوں روپے فراہم کیے گئے۔

حالیہ مالی سال کے دوران بھی بڑی تعداد میں مریضوں کے علاج کے لیے خطیر رقم جاری کی گئی، جبکہ رواں مالی سال میں اب تک سینکڑوں مریضوں کو معاونت فراہم کی جا چکی ہے۔میو ہسپتال میں کینسر کے مریضوں کے لیے بھی خاطر خواہ فنڈز مختص کیے گئے۔ وفاقی وزیر نے اس موقع پر پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (PIMS) اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ری ہیبیلیٹیشن میڈیسن (NIRM) سمیت بڑے ہسپتالوں میں فسیلیٹیشن ڈیسک قائم کرنے کے احکامات کا بھی حوالہ دیا۔

انہوں نے ہدایت کی کہ مستحق مریضوں کو بروقت امداد کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے۔سید عمران احمد شاہ نے واضح کیا کہ پاکستان بیت المال کی جانب سے دی جانے والی امداد زکوٰۃ نہیں بلکہ حکومتی معاونت ہے۔انہوں نے کہا کہ مستحق مریضوں تک بروقت اور شفاف امداد کی فراہمی حکومت پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔