لودھراں،22 اپریل (اے پی پی) : حکومت پنجاب کی ہدایت پر تعلیمی اداروں میں جدت لانے کے سلسلے میں لودھراں پبلک سکول میں جدید سولرائزیشن سسٹم کا افتتاح کر دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد طیب کے ہمراہ 25 کلوواٹ ود بیک اپ سولر سسٹم کا افتتاح کیا، جو اپنی مدد آپ کے تحت نصب کیا گیا ہے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے کہا کہ جدید سولر سسٹم کی بدولت سکول میں تعلیمی ماحول مزید بہتر ہوگا اور طلبا و طالبات کی لرننگ میں بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ لودھراں پبلک سکول کو کوالٹی ایجوکیشن کا ماڈل ادارہ بنایا جائے گا جبکہ سولر سسٹم سے آئی ٹی اور سائنس لیبز کی کارکردگی بھی مزید مؤثر ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ مؤثر تدریس کے لیے خوشگوار ماحول ناگزیر ہے اور اسی مقصد کے تحت سکول میں نئے بلاک کی تعمیر بھی جلد شروع کی جائے گی۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے شجرکاری مہم کے سلسلے میں سکول میں پودا بھی لگایا۔
تقریب میں پرنسپل محمد راشد انور، اساتذہ اور طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔











