”مریم نواز کا سوہنا پنجاب“پروگرام، 51 شہروں میں ترقیاتی منصوبوں کا آغاز، اربن فلڈنگ سے نمٹنے کیلئے بڑے اقدامات

19

لاہور، 3 اپریل(اے پی پی): محکمہ بلدیات کی زیر نگرانی ”مریم نواز کا سوہنا پنجاب“ پروگرام کے تحت صوبے کے 51 شہروں میں ترقیاتی کاموں کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں سڑکوں کے کنارے 358 زیر زمین واٹر ٹینکس کی تعمیر کے لیے بیشتر مقامات پر کھدائی مکمل کر لی گئی ہے۔

 یہ تفصیلات وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ڈی پی) کے جائزہ اجلاس میں سامنے آئیں، جہاں پراجیکٹ ڈائریکٹر احمر سہیل کیفی نے جاری منصوبوں کی پیشرفت پر بریفنگ دی۔

 اجلاس میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں، سپیشل سیکرٹری آسیہ گُل، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ طارق فروکہ سمیت دیگر افسران نے شرکت کی، جبکہ متعلقہ حکام ویڈیو لنک کے ذریعے بھی شریک ہوئے۔

 وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ پروگرام کا بنیادی مقصد اربن فلڈنگ کے خطرات کو کم سے کم کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 34 زیر زمین واٹر ریچارج ٹینکس میں 32 ملین گیلن جبکہ 324 روڈ سائیڈ ٹینکس میں 62 ملین گیلن بارانی پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت ہوگی، جس سے مجموعی طور پر 94 ملین گیلن پانی محفوظ کیا جا سکے گا۔

 انہوں نے مزید بتایا کہ منصوبے کے تحت گلیوں اور سڑکوں کی تعمیر، اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب اور میونسپل سروسز کی بہتری کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ پہلی بار پنجاب کے 200 شہروں کی ماسٹر پلاننگ مکمل کی گئی ہے اور تمام منصوبہ بندی آئندہ 25 سال کی آبادی کو مدنظر رکھ کر کی گئی ہے۔

 ذیشان رفیق کا کہنا تھا کہ پنجاب میونسپل ڈویلپمنٹ فنڈ کمپنی نے ایک جامع ڈیٹابیس تیار کیا ہے، جبکہ شفاف ای ٹینڈرنگ کے ذریعے 25 ارب روپے کی بچت کی گئی ہے جسے انہی ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ پی ڈی پی کے تحت 56 نئے ڈسپوزل اسٹیشنز قائم کیے جائیں گے جبکہ 61 کو بحال کیا جائے گا اور تمام ڈسپوزل اسٹیشنز کو سولرائزڈ کیا جائے گا۔

 انہوں نے کہا کہ لائننگ پائپ پلانٹس کی تنصیب کے بعد سیوریج اسکیموں پر بھی کام شروع کر دیا جائے گا۔ اجلاس کے دوران صوبائی وزیر نے جاری بارشوں کے پیش نظر تمام ترقیاتی سائٹس پر حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔