ملتان میں قومی پولیو مہم 13 اپریل سے شروع، 10 لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف

41

ملتان ،11اپریل (اے پی پی ):ضلع ملتان میں ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام قومی پولیو مہم کاباقاعدہ آغاز 13 اپریل سے کیا جا رہا ہے۔ ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے شہبازشریف ہسپتال میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر مہم کا افتتاح کر دیا۔ڈپٹی کمشنر کے مطابق ضلع بھر میں 5 سال سے کم عمر 10 لاکھ 15 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ اس مقصد کیلئے 4021 موبائل، فکسڈ اور ٹرانزٹ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جبکہ 230 فکسڈ سائٹس اور 148 ٹرانزٹ پوائنٹس پر بھی بچوں کو قطرے پلانے کا انتظام کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ مجموعی طور پر 4399 ٹیمیں فیلڈ میں متحرک ہوں گی جبکہ 833 ایریا انچارجز نگرانی کے فرائض انجام دیں گے۔ مزید برآں 135 یونین کونسل میڈیکل آفیسرز مہم کی مانیٹرنگ کریں گے۔ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ بس اسٹینڈز، ریلوے اسٹیشنز اور ہسپتالوں پر خصوصی ٹیمیں تعینات کی جائیں گی تاکہ کوئی بھی بچہ پولیو کے قطروں سے محروم نہ رہے۔