ملتان:  کمشنر عامر کریم خاں کی زیر صدارت اجلاس ، ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ

25

ملتان،08 اپریل( اے پی پی):  کمشنر عامر کریم خاں کی زیر صدارت اہم اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے بیوٹیفکیشن پلان کے تحت ڈویژن بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں مختلف اضلاع میں بازاروں کی اپ گریڈیشن، شہری سہولیات کی بہتری اور خوبصورتی کے منصوبوں پر پیشرفت رپورٹ پیش کی گئی۔

کمشنر عامر کریم خاں نے ہدایت کی کہ بیوٹیفکیشن منصوبوں میں معیار اور پرفیکشن کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور ناقص کام کسی صورت قبول نہیں ہوگا۔ انہوں نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ تھری ڈی ڈیزائن کے مطابق سو فیصد عملدرآمد یقینی بنایا جائے جبکہ پراجیکٹس میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی اور مئی و جون کی ڈیڈ لائنز ہر صورت مکمل کی جائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بازاروں کی اپ گریڈیشن میں یکساں ڈیزائن، پولز، بینچز، شیڈز اور اسٹریٹ فرنیچر رکھا جائے اور ایگزیکیوٹنگ ایجنسیز روایتی طریقہ کار چھوڑ کر جدید اور عالمی معیار اپنائیں۔ کمشنر نے پراجیکٹس میں بیک وقت کام شروع کرنے اور افسران کو خود فیلڈ میں جا کر نگرانی کرنے کی بھی ہدایت کی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ ملتان میں برانڈز روڈ کی اپ گریڈیشن 360 ملین روپے کی لاگت سے جاری ہے جس میں انڈرگراؤنڈ الیکٹریفکیشن، ٹف ٹائلز، نکاسی آب اور جدید اسٹریٹ لائٹس شامل ہیں جبکہ گھنٹہ گھر تا حسین آگاہی بازار بحالی منصوبہ بھی 299 ملین روپے کی لاگت سے جاری ہے۔لودھراں، خانیوال اور وہاڑی میں بھی بیوٹیفکیشن منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔

 خانیوال میں 933 ملین روپے کے تین بڑے منصوبے، وہاڑی میں ریل بازار اور گول چوک کی اپ گریڈیشن جبکہ لودھراں میں مین بازار کی بحالی کے منصوبے شامل ہیں۔ڈپٹی کمشنر ملتان نعمان صدیق نے کہا کہ شہر میں شہری سہولت اور خوبصورتی کے امتزاج سے جدید شہری ماحول کی تشکیل ہدف ہے۔ اجلاس میں تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ محکموں کے افسران نے بریفنگ دی اور جاری منصوبوں کی رفتار اور معیار پر رپورٹ پیش کی گئی ہے۔