وزیراعظم آزادکشمیر سے ممتاز عالم دین مولانا طاہر اشرفی کی قیادت میں قومی پیغام امن کمیٹی کے وفد کی ملاقات

20

مظفر آباد: 08 اپریل( اے پی پی):   وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور سے ممتاز عالم دین مولانا طاہر اشرفی کی قیادت میں قومی پیغام امن کمیٹی کے وفد نے ملاقات کی۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے وفد سے گفتگو کرتے ہوۓ کہا کہ ایران جنگ میں پاکستان کی کامیاب ثالثی تاریخی پیش رفت ہے، دنیا نے پاکستان کے عالمی منظر نامے پر مثبت کردار کو تسلیم کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام نے بھارتی تسلط کو کبھی قبول نہیں کیا، آزاد کشمیر مذہبی ہم آہنگی اور رواداری کی روشن مثال ہے، قومی پیغامِ امن کمیٹی کا آزاد کشمیر کا دورہ امن و اتحاد کا مضبوط پیغام ہے،قومی پیغام امن کمیٹی کی تجویز پر معرکۂ حق کی تقریبات کے موقع پر آزادکشمیر  میں علما و مشائخ کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ صدر پاکستان ، وزیراعظم پاکستان اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں ملک کو امن کا گہوارہ بنانے کی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں،  قومی پیغام امن کمیٹی میں سکھ اور ہندو برادری کی شرکت بین المذاہب ہم آہنگی کی بہترین مثال  ہے۔

مولانا طاہر اشرفی نے کہا کہ آزاد کشمیر ایک پرامن خطہ ہے اور یہ  مسلکی اتحاد اور بین المذاہب ہم آہنگی کی بہترین مثال ہے، مقبوضہ کشمیر کے عوام کی جدوجہد آزادی ایک حقیقت ہے۔