ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ سے متعلق جائزہ اجلاس،اقتصادی ترقی کیلئے سرمایہ کاری اولین ترجیح قرار

7

اسلام آباد، 28 اپریل (اے پی پی): وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا جس میں اقتصادی ترقی کیلئے سرمایہ کاری کو حکومت کی اولین ترجیح قرار دیا گیا۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ برآمدات بڑھانے کیلئے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو تمام ضروری سہولیات فراہم کی جائیں جبکہ ریگولیٹری تعمیل کو مزید آسان اور کم خرچ بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور سرمایہ کاروں کے درمیان روابط مضبوط کیے جائیں اور لائسنسنگ سمیت تمام سروسز تک رسائی کے نظام کی ڈیجیٹائزیشن کی رفتار تیز کی جائے۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ رواں مالی سال جولائی سے مارچ تک ملکی برآمدات میں خصوصی اقتصادی زونز کا حصہ 3.7 فیصد رہا جبکہ مالی سال 2028 تک اسے 8 فیصد تک بڑھانے کا ہدف مقرر ہے۔ مزید بتایا گیا کہ ملک میں اس وقت 21 خصوصی اقتصادی زونز فعال ہیں جو جون 2026 تک 26 ہو جائیں گے۔

بریفنگ کے مطابق سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے بزنس ریڈی ایکشن پلان تیار کیا جا رہا ہے جبکہ حکومتی اجازت ناموں کے حصول کو آسان بنانے کیلئے سروسز کو ڈیجیٹائز کیا جا رہا ہے اور پاکستان ریگولیٹری رجسٹری قائم کی جا رہی ہے۔ اجلاس میں متعلقہ وفاقی وزراء اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔