اسلام آباد،28 اپریل (اے پی پی ): وفاقی وزیر برائے خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملک پائیدار معاشی استحکام کی جانب بتدریج آگے بڑھ رہا ہے اور مختلف شعبوں میں اصلاحات کا عمل جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ معیشت میں بہتری کے آثار نمایاں ہیں اور رواں مالی سال کے دوران شرح نمو میں اضافہ متوقع ہے۔
یورپی یونین پاکستان بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت معاشی استحکام کے لیے پالیسی اصلاحات پر توجہ دے رہی ہے اور صنعتی و برآمدی شعبے کی بہتری کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان تجارتی تعلقات اہمیت کے حامل ہیں اور برآمدات کے فروغ کے لیے مزید مواقع موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ عرصے میں معیشت کے بنیادی اشاریوں میں بہتری دیکھنے میں آئی ہے جبکہ بیرونی شعبے میں بھی استحکام آیا ہے۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں ترقی کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس میدان میں برآمدات میں اضافہ ہو رہا ہے اور حکومت اس شعبے کی مزید بہتری کے لیے کوشاں ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر اور سرمایہ کاری میں مثبت رجحان برقرار ہے، جس سے معیشت کو سہارا ملا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہو رہا ہے اور حکومت کاروباری ماحول کو مزید بہتر بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ توانائی، ٹیکس اور دیگر اہم شعبوں میں اصلاحات جاری ہیں تاکہ معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کیا جا سکے۔ حکومت نجی شعبے کے کردار کو اہمیت دیتی ہے اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے پالیسی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔











