نیشنل مینجمنٹ کورس کے افسران کا سنٹرل پولیس آفس دورہ، آئی جی پنجاب سے ملاقات

10

لاہور، 3 اپریل(اے پی پی): نیشنل مینجمنٹ کورس (این ایم سی) میں شامل افسران کے وفد نے سنٹرل پولیس آفس کا دورہ کیا اور آئی جی پنجاب عبدالکریم سے ملاقات کی۔

وفد نیشنل سکول آف پبلک پالیسی پاکستان ایڈمنسٹریٹو سٹاف کالج سے آیا تھا جس میں پولیس سروسز آف پاکستان کے سینئر افسران

  ڈی آئی جی شوکت عباس، ڈی آئی جی رانا عبدالجبار اور ڈی آئی جی سجاد حسن خان منج بھی شامل تھے۔

 ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق وفد کو پنجاب پولیس کی انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ، سیف سٹیز، سمارٹ پولیسنگ، ویلفیئر اقدامات اور سٹریٹیجک اصلاحات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ مزید برآں وفد کو امن و امان، کرائم کنٹرول، آپریشنز، انویسٹی گیشن، ٹریفک مینجمنٹ اور کمیونٹی سروسز سے متعلق اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔

 اس موقع پر آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا کہ مقدمات کا فوری اندراج، سپیشلائزڈ تفتیش، جدید ٹریننگ اور آئی ٹی بیسڈ پولیسنگ ترجیحات میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ، ہیومن ریسورس مینجمنٹ سسٹمز اور آئی ٹی اصلاحات کے باعث پولیس سروسز میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

 آئی جی پنجاب کے مطابق پولیس خدمت مراکز، تحفظ و میثاق سنٹرز اور تحفظ منزل و درسگاہ پبلک سروس ڈیلیوری کے اہم فلیگ شپ منصوبے ہیں۔ عبدالکریم نے بتایا کہ کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے قیام سے جرائم کی شرح میں واضح کمی آئی ہے۔ وفد نے پنجاب پولیس کے کرائم کنٹرول، پبلک سروس ڈلیوری اور کمیونٹی پولیسنگ کے اقدامات کو سراہا۔

 اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ خرم شکور، ڈی آئی جی ٹریننگ راؤ منیر ضیا اور اے آئی جی ڈویلپمنٹ ڈاکٹر رضوان احمد خان بھی موجود تھے۔