نیپال میں جاری آئی ٹی ایف ایشیا 12 اینڈ انڈر ٹیم ٹینس مقابلے، پاکستان 3-0 سے نیپال کو شکست دے کر کامیاب

7

کٹھمنڈو ( نیپال)، 15 اپریل ( اے پی پی): نیپال میں جاری آئی ٹی ایف ایشیا 12 اینڈ انڈر ٹیم ٹینس مقابلے میں پاکستان نے میزبان ملک نیپال کو 3-0 سے شکست دے کر ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کر دیا ہے۔ بوائز ٹیم کے گروپ بی میں کھیلے گئے میچز میں محمد ایان نے نیپال کے کارکی سویا کو 6-2 اور 6-0 سے، جبکہ محمد ابراہیم حسین گل نے مالا آرت کو 6-2 اور 6-1 سے ہرا کر سنگلز میں برتری حاصل کی، جس کے بعد محمد ابراہیم اور فیضان محمد کی جوڑی نے ڈبلز مقابلے میں بھی 6-2 اور 6-1 سے کامیابی حاصل کر کے میزبان ٹیم کو آؤٹ کلاس کر دیا۔ اس دورے میں پاکستان ٹینس فیڈریشن کو ہونڈا اٹلس پاکستان کا تعاون حاصل ہے، جو “Driven Her Dreams” مہم کے تحت نوجوانوں بالخصوص لڑکیوں کی کھیلوں میں حوصلہ افزائی کر رہا ہے۔ صدر پی ٹی ایف اور سیکریٹری جنرل نے جونیئر ٹیم کو اس شاندار جیت پر مبارکباد دیتے ہوئے ٹورنامنٹ کے بقیہ میچوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔