واشنگٹن ڈی سی: وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی سٹی بینک کے نمائندگان سے ملاقات

8

واشنگٹن ڈی سی، 17 اپریل ( اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے بہار اجلاس 2026 کے موقع پر سٹی بینک کے نمائندگان سے ملاقات کی ہے۔

ملاقات کے دوران وزیر خزانہ نے بتایا کہ پاکستان نے آئی ایم ایف کے ساتھ ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسلٹی  کے تیسرے جائزے اور ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فیسلٹی  کے دوسرے جائزے کے لیے اسٹاف لیول معاہدہ مکمل کر لیا ہے اور اس کی منظوری جلد متوقع ہے۔

سینیٹر اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان نے اس ماہ 1.4 ارب ڈالر کا یورو بانڈ کامیابی سے ادا کیا ہے اور سعودی عرب کی مسلسل مالی معاونت کو بھی سراہا۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے چار سال بعد عالمی مالیاتی منڈیوں میں واپسی کرتے ہوئے یورو بانڈ جاری کیا ہے، جو سرمایہ کاروں کے اعتماد کا مظہر ہے۔

وزیر خزانہ نے پاکستان کے پہلے پانڈا بانڈ کے اجرا سے متعلق پیش رفت سے بھی آگاہ کیا اور کہا کہ اس کے لیے درخواست جمع کرا دی گئی ہے جبکہ منظوری کے عمل کو تیز کیا جا رہا ہے تاکہ مئی میں اس کا اجرا ممکن ہو سکے۔

انہوں نے پاکستان کی درمیانی مدت کی مالی حکمت عملی پر روشنی ڈالی، جس میں یورو بانڈ، سکوک اور روپے سے منسلک ڈالر بانڈ کے ذریعے فنڈنگ حاصل کرنے کا منصوبہ شامل ہے۔وزیر خزانہ نے سٹی بینک کی جانب سے پیش کی گئی مالیاتی حکمت عملی کو سراہا اور ہدایت کی کہ وہ پاکستان کے ڈیبٹ مینجمنٹ آفس کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں۔ملاقات کے اختتام پر سینیٹر محمد اورنگزیب نے پاکستان میں سٹی بینک کی موجودگی کو سراہا اور باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔