واشنگٹن ڈی سی ،16 اپریل ( اے پی پی): وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے بہار اجلاس 2026 کے موقع پر موڈیز کے نمائندگان سے ملاقات کی ہے۔
ملاقات کے دوران وزیر خزانہ نے بتایا کہ پاکستان نے آئی ایم ایف کے ساتھ ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسلٹی (EFF) کے تیسرے جائزے اور ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فیسلٹی (RSF) کے دوسرے جائزے کے لیے اسٹاف لیول معاہدہ مکمل کر لیا ہے، جس کی منظوری جلد متوقع ہے۔
سینیٹر اورنگزیب نے پاکستان کی بیرونی مالی صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ملک نے یورو بانڈ کی ادائیگی کامیابی سے مکمل کر لی ہے اور تمام قرض دہندگان کی ذمہ داریاں بروقت پوری کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے سعودی عرب کی مالی معاونت کو بھی اہم قرار دیا، جو بیرونی مالی پوزیشن کو مزید مضبوط کرے گی۔
وزیر خزانہ نے عالمی مالیاتی منڈیوں میں دوبارہ رسائی کے لیے پاکستان کی درمیانی مدت کی حکمت عملی پر روشنی ڈالی، جس میں یورو بانڈ اور ڈالر میں طے شدہ روپے سے منسلک بانڈ کے اجرا پر کام جاری ہے۔
انہوں نے جاری علاقائی صورتحال کے تناظر میں توانائی کے شعبے میں حکومتی اقدامات کا بھی ذکر کیا، جن میں سپلائی چین کو محفوظ بنانا، مکمل قیمتوں کی منتقلی اور کمزور طبقات کے لیے ہدفی ڈیجیٹل سبسڈیز شامل ہیں۔
سینیٹر اورنگزیب نے بتایا کہ پاکستان نے موجودہ بحران میں داخل ہوتے وقت گزشتہ سال کے مقابلے میں کھاد کے زیادہ ذخائر رکھے، جس سے کاشت کے اہم سیزن میں مدد ملے گی۔
ملاقات کے اختتام پر وزیر خزانہ نے موڈیز کے ساتھ مسلسل رابطے اور تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔











