ورلڈ جونیئرز ٹینس چیمپئن شپ 6 اپریل سے شروع ہو گی

19

اسلام  آباد، 5  اپریل ( اے پی پی): پاکستان ٹینس فیڈریشن نے اعلان کیا ہے کہ آئی ٹی ایف پاکستان تیسرا زینب علی نقوی میموریل ورلڈ جونیئرز ٹینس چیمپئن شپ 2026 (لیگ-1) کا آغاز 6 اپریل  کو پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس، اسلام آباد میں ہوگا۔

چیمپئن شپ میں 14 ممالک کے 39 کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں جن میں پاکستان، قازقستان، سنگاپور، جاپان، چین، آسٹریلیا، روس، پولینڈ، جنوبی کوریا، سری لنکا، بنگلہ دیش، ملائیشیا، ہانگ کانگ اور تھائی لینڈ شامل ہیں۔

‎یہ ایونٹ کراچی سے تعلق رکھنے والی مرحومہ ٹینس کھلاڑی زینب علی نقوی کی یاد میں منعقد کیا جا رہا ہے، جن کا انتقال 12 فروری 2024 کو اسلام آباد میں آئی ٹی ایف جونیئر ٹورنامنٹ کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے ہوا تھا۔

‎پی ٹی ایف کے صدر اعصام الحق قریشی، سیکرٹری جنرل کرنل ضیاء الدین طفیل اور دیگر عہدیداران نے زینب علی نقوی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ چیمپئن شپ ان کی یاد کو زندہ رکھنے کا ایک بامقصد اقدام ہے۔

‎لڑکوں اور لڑکیوں کے مین ڈرا میچز 6 اپریل کو صبح 10 بجے شروع ہوں گے جبکہ پاکستان ٹینس فیڈریشن نے تمام شریک کھلاڑیوں کو خوش آمدید کہا ہے۔