اسلام آباد، یکم اپریل (اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف سے عالمی ڈیجیٹل آپریٹر ویون گروپ کے چیف ایگزیکٹو افیسر کان ترزی اوعلو نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ وزیراعظم نے وفد کو خوش آمدید کہا اور خیر سگالی کے جذبات کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ملک میں ڈیجیٹل آپریٹرز انڈسٹری میں سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں حالیہ 5 جی سپیکٹرم کی کامیاب نیلامی اس شعبے میں جدت کے لیے مثبت اور موثر سمت کا ثبوت ہے۔ وزیراعظم کے مطابق پاکستان انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں جدت کو اپنانے اور بین الاقوامی سرمایہ کاری کو بڑھانے کے لیے موثر اور جامع حکمت عملی کے تحت کام کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی سہولت اور آسانی کے لیے تمام اداروں کے باہمی تعاون سے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ کیش لیس معیشت کے حصول کے لیے انفارمیشن ٹیکنالوجی کا موثر استعمال حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان معیشت کے شعبے میں ڈیجیٹلائزیشن کو اپناتے ہوئے شفافیت کو یقینی بنانا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 5 جی سپیکٹرم کی نیلامی کے بعد ملک میں ٹیلی کام آپریٹرز عوام کو معیاری انٹرنیٹ سروسز کی فراہمی کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ باہمی تعاون اور ہم آہنگی سے کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی نوجوان آبادی انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر تعمیری شرکت کے ذریعے معیشت اور دیگر خدمات کی بہتری میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے، جبکہ نوجوانوں کا اس شعبے میں بڑھتا ہوا رجحان بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لیے بھی باعث کشش ہے۔
اس موقع پر ویون گروپ کے چیف ایگزیکٹو افیسر کان ترزی اوعلو نے وزیراعظم ہاؤس آمد پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وزیراعظم نے ملک میں شفافیت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے موثر اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے کیش لیس معیشت اور مکمل ڈیجیٹلائزیشن کے لیے حکومت کے اقدامات کو سراہا اور پاکستان میں مزید سرمایہ کاری بڑھانے کے ارادے کا اظہار کیا۔
ملاقات میں وفاقی وزیر برائے خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ، وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ، جیز ورلڈ کے چیف ایگزیکٹو افیسر عامر ابراہیم اور دیگر متعلقہ سرکاری عہدیداران نے شرکت کی۔











