اسلام آباد، 23 اپریل ( اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت انرجی سیکیورٹی کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ انرجی سیکیورٹی اب ملک کی مستقبل کی مجموعی منصوبہ بندی کا انتہائی اہم حصہ بن چکی ہے جبکہ موجودہ علاقائی صورتحال میں توانائی کی بچت اور بروقت اقدامات کے باعث توانائی کا بحران پیدا نہیں ہوا۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ مستقبل کی توانائی کی ضروریات کے پیش نظر ملک میں خام تیل کے اسٹریٹجک ذخائر رکھنے کے منصوبے پر کام جاری رکھا جائے۔ انہوں نے توانائی کی بچت اور پائیدار ترقی کے لیے ذرائع آمد و رفت کو بتدریج ماحول دوست برقی ذرائع (ای وی) پر منتقل کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ مستقبل میں سرکاری استعمال کے لیے صرف بجلی سے چلنے والی بسیں اور موٹر سائیکلیں خریدی جائیں اور ای وی کے لیے چارجنگ اسٹیشنز کے قیام کے لیے مزید تیزی سے اقدامات کیے جائیں۔
وزیراعظم نے شمسی توانائی سے پیدا کردہ اضافی بجلی کی اسٹوریج کے لیے بیٹریوں کا حصول آسان بنانے کے لیے لائحہ عمل تشکیل دینے اور مقامی طور پر اعلیٰ معیار کی اسٹوریج بیٹریاں تیار کرنے کی حوصلہ افزائی کی ہدایت بھی کی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ علاقائی صورتحال کے تناظر میں توانائی کے شعبے کے حوالے سے تشکیل دی گئی نیشنل کوارڈینیشن اینڈ مینجمنٹ کونسل صورتحال کا روزانہ کی بنیادوں پر جائزہ لے رہی ہے۔ ملک میں اس وقت پیٹرولیم کے وافر ذخائر موجود ہیں اور غذائی سیکیورٹی کی صورتحال مستحکم ہے۔ تیل اور گیس کمپنیوں کی مسلسل کوششوں سے گیس اور تیل کی مقامی پیداوار میں اضافہ ہو رہا ہے۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ گرڈ کی سطح پر بیٹری اسٹوریج کے لیے 2 تجرباتی منصوبوں کا PC-I تیار کیا جا رہا ہے اور شمسی توانائی پیدا کرنے والے گھریلو صارفین کو بیٹری اسٹوریج لگانے کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے۔











