اسلام آباد، 8اپریل(اے پی پی):وفاقی وزیر ریلویز محمد حنیف عباسی نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کی قیادت کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی مدبرانہ قیادت میں پاکستان نے عالمی سطح پر ایک بڑی سفارتی کامیابی حاصل کی ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی میں پاکستان کا کلیدی کردار قابلِ فخر ہے، جس نے خطے کو ممکنہ تباہی سے بچاتے ہوئے امن کا پرچم بلند کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عاصم منیر کی اسٹریٹجک رہنمائی نے خطے میں امن کے قیام کو ممکن بنایا اور ان کی بصیرت افروز قیادت پاکستان کی دفاعی و سفارتی ہم آہنگی کی بہترین مثال ہے۔وفاقی وزیر نے نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار کی فعال اور متحرک سفارتی کاوشوں کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی کوششوں نے جنگ بندی کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
محمد حنیف عباسی نے کہا کہ یہ کامیابی اعلیٰ قیادت، بصیرت اور مؤثر سفارتکاری کا منہ بولتا ثبوت ہے اور پاکستان نے ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر عالمی امن کے لیے اپنی صلاحیت منوا لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں ہونے والی کامیاب سفارتی کاوشیں خطے میں پائیدار امن کی جانب ایک سنگِ میل ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا امن، استحکام اور مکالمے کے فروغ کے لیے کردار ہمیشہ نمایاں رہا ہے اور یہ تاریخی کامیابی ملک کے روشن اور مضبوط عالمی تشخص کی عکاس ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا پاکستان کی تعمیری اور مثبت سفارتکاری کو تسلیم کرنے پر مجبور ہو چکی ہے۔
وفاقی وزیر ریلویز نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مستقبل میں بھی پاکستان امن، ترقی اور علاقائی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے اپنا مؤثر کردار جاری رکھے گا۔











