وزیر اعظم شہباز شریف اور امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی کی ملاقات،علاقائی اور عالمی پیش رفت پر تبادلہ خیال

7

دوحہ،16اپریل (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی کے درمیان نہایت دوستانہ اور خوشگوار ماحول میں ملاقات ہوئی ہے جس میں باہمی دلچسپی کے امور ،موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال سمیت دونوں ممالک کے درمیان مسلسل رابطے اور مشاورت کی اہمیت پر زور دیا گیا۔

امیری دیوان میں ہونے والی ملاقات ایک گھنٹے سے زائد جاری رہی۔

دونوں رہنماؤں نے حالیہ علاقائی اور عالمی پیش رفت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا، بالخصوص مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر گفتگو کی۔

امیرِ قطر نے وزیر اعظم پاکستان اور ان کے وفد کا خیرمقدم کیا اور خطے میں کشیدگی کم کرنے اور سفارتی مکالمے کے فروغ میں پاکستان کے کلیدی کردار کو سراہا جو علاقائی سلامتی اور استحکام کے لیے اہم ہے۔

وزیر اعظم نے اس موقع پر قطر اور دیگر خلیجی ممالک کے خلاف حملوں کی مذمت کا اعادہ کیا اور قطر کی قیادت اور عوام کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی اور حمایت کا یقین دلایا ۔

دونوں رہنماؤں نے کشیدگی میں کمی کی کوششوں کی حمایت اور بین الاقوامی ہم آہنگی کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا تاکہ خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنایا جا سکے، بالخصوص توانائی کی فراہمی کے سلسلے کے تسلسل کو برقرار رکھنے پر زور دیا گیا۔دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات کا بھی جائزہ لیا اور انہیں مزید فروغ دینے کے طریقوں پر غور کیا، خصوصاً سکیورٹی ، دفاع اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق کیا تاکہ شراکت داری کو مضبوط بنایا جا سکے اور باہمی تعاون کے نئے مواقع پیدا ہوں۔

ملاقات میں قطر کے وزیر اعظم و وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم الثانی، امیری دیوان کے سربراہ عبداللہ بن محمد الخلیفی اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔پاکستانی وفد میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ، وزیر اعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی اور دیگر اعلیٰ حکام شامل تھے۔

امیرِ قطر اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے درمیان ون آن ون ملاقات بھی ہوئی –

ملاقات کے بعد امیرِ قطر نے وزیر اعظم اور ان کے وفد کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔