پنجاب میں ریلوے ٹرانسپورٹ کا نیا دور، لاہور سے راولپنڈی سوا دو گھنٹے کی فاسٹ ٹرین سمیت 8 نئے روٹس کا اعلان

30

لاہور، 16 اپریل (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے منگل کے روز لاہور میں حکومت پنجاب اور پاکستان ریلوے کے درمیان تاریخ ساز مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرتے ہوئے پنجاب میں ریلوے ٹرانسپورٹ کے نئے عہد کے آغاز کا اعلان کیا۔

وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا کہ لاہور سے راولپنڈی پاکستان کی پہلی فاسٹ ٹرین چلائی جائے گی جو 280 کلومیٹر طویل سفر سوا دو گھنٹے میں طے کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے 20 ریجن میں 8 لوکل روٹس پر 1415 کلو میٹر طویل روٹس پر جدید ترین ٹرینیں چلائی جائیں گی۔

حکومت پنجاب علاقائی روٹس پر جدید ترین ڈی ایم یو ٹرین مہیا کرے گی۔ شاہدرہ سے نارووال 79 کلومیٹر، نارووال سے سیالکوٹ 62 کلومیٹر، رائیونڈ، قصور، پاکپتن سے لودھراں تک 370 کلومیٹر، شیخوپورہ، جڑانوالہ، شورکوٹ 220 کلومیٹر، لالہ موسیٰ، ملکوال، سرگودھا 147 کلومیٹر، فیصل آباد سے براستہ چک جھمرہ، شاہین آباد 68 کلومیٹر اور کوٹ ادو سے براستہ ڈیرہ غازی خان، کشمور تک 303 کلومیٹر طویل بین الصوبائی روٹ پر نئی ٹرینیں چلائی جائیں گی۔

حنیف عباسی نے کہا کہ حکومت پنجاب نئے روٹس پر نئے ریلوے انجن اور جدید ترین کوچ لائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں ریلوے حادثات کے سدباب کے لیے خودکار سسٹم لایا جا رہا ہے۔ ریلوے اسٹیشن کی بیوٹیفکیشن اور عالمی معیار کی پارکنگ بنائی جا رہی ہے۔ شاہدرہ سے رائیونڈ تک 40 کلومیٹر طویل گرین پارکس بننے سے ٹریک کے اطراف میں یورپی ممالک کی طرز پر خوش کن مناظر نظر آئیں گے۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ حکومت پنجاب کی معاونت سے 9 روٹس پر تقریباً 9 کروڑ افراد مستفید ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب کے تقریباً 11 کروڑ عوام کو یورپ کی طرز کی ٹرانسپورٹ مہیا کرنے کی خواہش کا اظہار کیا اور اس پراجیکٹ کی خود نگرانی کی درخواست کی ہے۔