واشنگٹن ڈی سی ، 15 اپریل (اے پی پی ): وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات، سینیٹر محمد اورنگزیب نے واشنگٹن ڈی سی میں پاکستان کے سفارت خانے میں منعقدہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ (RDA) اور ترسیلات زر روڈ شو — پاکستان ڈائسپورا لیڈرز ایوننگ سے خطاب کیا۔ اس تقریب کا انعقاد اسٹیٹ بینک آف پاکستان (SBP) اور پاکستان بینکس ایسوسی ایشن (PBA) کے تعاون سے کیا گیا۔
وزیر خزانہ نے پاکستانی ڈائسپورا کی جانب سے ملک کی اقتصادی ترقی میں ادا کیے جانے والے گراں قدر کردار کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے سمندر پار پاکستانیوں کو پاکستان کی بیرونی اقتصادی مضبوطی کا ایک اہم ستون قرار دیا۔
انہوں نے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ اسکیم کے لیے حکومت کے مسلسل عزم کو اجاگر کرتے ہوئے اس امر پر زور دیا کہ ادائیگیوں کے توازن کے شدید بحران کے دوران بھی—جب زرمبادلہ کے ذخائر تاریخی کم ترین سطح پر آ گئے تھے—RDA اکاؤنٹس میں جمع رقوم پر کوئی پابندی عائد نہیں کی گئی۔
وزیر خزانہ نے اسکیم میں متعارف کرائی گئی نئی سہولیات اور بہتری کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے اکاؤنٹ ہولڈرز کے لیے سرمایہ کاری کے مواقع میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے سمندر پار پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ پلیٹ فارم کے ذریعے پاکستان کی معیشت میں سرمایہ کاری کریں۔
تقریب کا اختتام سوال و جواب کے سیشن کے ساتھ ہوا۔











